وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور قطر کے وزیر داخلہ و داخلی سلامتی فورس کے کمانڈر شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور قطر نے داخلی سکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور دوطرفہ شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، علاقائی امن و استحکام اور داخلی سکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سکیورٹی کے شعبے میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور قطر علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
قطری وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دینے کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔





