سندھ کابینہ نے نوجوان تاجر میر رضا کیس کی رپورٹ منظر عام پر لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رپورٹ آج ہی محکمہ داخلہ سندھ کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں میر رضا کیس سمیت اہم امور پر فیصلے کیے گئے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کیس کی رپورٹ سات مختلف لفافوں میں صوبائی کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔ کابینہ نے رپورٹ کو عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ حکومت نے میر رضا کیس کی رپورٹ پر عمل درآمد کے لیے ذیلی کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی میں صوبائی وزرا ضیاء لنجار، ناصر شاہ اور سعید غنی کے علاوہ ایڈووکیٹ جنرل سندھ شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ کیس کی رپورٹ کی ایک نقل متاثرہ خاندان کو بھی فراہم کی جائے۔
حکومت کے مطابق رپورٹ محکمہ داخلہ سندھ کی ویب سائٹ پر جاری کی جائے گی، جس کے بعد اس کی تفصیلات سامنے آ سکیں گی۔





