جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کرنے پر نومبر کے وسط میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو فیصلے سڑکوں پر ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مؤقف واضح اور دوٹوک ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ لیوی ختم نہ کی گئی تو جماعت اسلامی آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان کے مطابق وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے کے لیے مزید 7 سے 10 دن کی مہلت مانگی ہے، تاہم عوام مہنگائی سے تنگ ہیں اور انہیں فوری ریلیف کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس سے قبل بھی طویل دھرنے دے چکی ہے۔ آج کی ملاقات میں وزیراعظم کے سامنے اپنے مطالبات رکھے اور واضح کیا کہ جماعت اسلامی کی نظر میں پیٹرولیم لیوی بھتہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات کو بے نتیجہ قرار نہیں دیا جا سکتا، کیونکہ حکومت نے عوام کو مرحلہ وار ریلیف دینے کا مؤقف اختیار کیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد مارچ کی تیاریاں مکمل ہیں اور پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔





