شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلوں کے دوران چار زخمیوں سمیت پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکلیں برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع ویسٹ کے علاقے مومن آباد سیکٹر الیون ای میں پولیس اور شاہین فورس کا مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت دنیا زیب ولد امیر عالم اور قاسم خان ولد حیات خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی برآمد کی، جبکہ زیر استعمال موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے لی۔
زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ دوسرے ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
اجمیر نگری میں گرفتار
ضلع سینٹرل کے علاقے خواجہ اجمیر نگری سیکٹر 2 میں جمعرات بازار کے قریب بھی پولیس اور مبینہ اسٹریٹ کرمنلز کے درمیان مقابلہ ہوا۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت اسماعیل ولد صدر بہادر اور وحید احمد ولد لعل محمد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 بور کے دو پستول، پانچ موبائل فون، نقدی، بٹوہ اور موٹرسائیکل برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دونوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش اور ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔
ادھر جیل چورنگی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
مختلف علاقوں میں ہونے والی کارروائیوں کے بعد پولیس نے گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔





