وفاقی دارالحکومت میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے منسلک متعدد مدارس میں بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے، جس پر کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے متعلقہ مدارس کی انتظامیہ کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے مختلف مدارس میں غیر قانونی تعمیرات اور منظور شدہ نقشوں کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے۔ اتھارٹی نے متعلقہ انتظامیہ کو مقررہ مدت میں تعمیراتی ریکارڈ جمع کرانے اور خلاف ورزیاں دور کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سی ڈی اے نے بلال ٹاؤن، کورنگ نالہ، کھنہ ڈاک میں واقع مدرسہ اختر العلوم کو منظور شدہ بلڈنگ پلان کے بغیر تعمیرات کرنے پر نوٹس جاری کیا ہے۔
مدرسے کی انتظامیہ کو 15 روز کے اندر تعمیراتی نقشے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ مدت میں تعمیل نہ کرنے پر عمارت سیل کرنے کی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
ادارہ معارف اسلامیہ، شریعہ ربانیہ اور تفی القرآن سے متعلق مکان نمبر 3، اسٹریٹ نمبر 6، سیکٹر ایف 8/3 میں بھی بلڈنگ کنٹرول قوانین کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمارت کے سیٹ بیکس پر غیر قانونی تعمیرات اور چھت پر غیر مجاز تعمیرات کی گئی ہیں۔ سی ڈی اے نے عمارت کو رہائشی استعمال کے بجائے مدرسے کے طور پر استعمال کرنے پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
اتھارٹی نے متعلقہ انتظامیہ کو تمام نشاندہی شدہ خلاف ورزیاں 15 روز کے اندر ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ نوٹسز پر عمل نہ کرنے کی صورت میں عمارتیں سیل کرنے، جرمانے عائد کرنے اور الاٹمنٹ منسوخ کرنے سمیت قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔
اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد میں بلڈنگ کنٹرول قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مدارس سمیت مختلف عمارتوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔





