پاکستان کو بین الحکومتی گروپ آف ٹوئنٹی فور (جی 24) کی چیئرمین شپ مل گئی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسے عالمی اقتصادی منظرنامے پر پاکستان کے مؤثر کردار کا اعتراف اور اہم سفارتی سنگِ میل قرار دیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو چیئرمین شپ ملنے پر مبارک باد دیتے ہوئے وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب اور وزارتِ خزانہ کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ جی 24 کی چیئرمین شپ عالمی اقتصادی امور میں پاکستان کی آواز اور مؤثر کردار کو مزید تقویت دے گی۔
شہباز شریف کے مطابق یہ منصب پاکستان کو عالمی مالیاتی نظام میں ضروری اصلاحات کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔





