اسلام آباد کے سیکٹر جی ایٹ ٹو میں الیکٹرک بس کی موٹرسائیکل سے ٹکر کے نتیجے میں 2 سالہ بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ حادثے کے بعد مشتعل شہریوں نے بس پر پتھراؤ کیا اور اس کے شیشے توڑ دیے۔
پولیس کے مطابق حادثہ ابنِ سینا روڈ پر پیش آیا، جس میں بچہ شدید زخمی ہوا۔ اسے تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد شہری مشتعل ہوگئے اور الیکٹرک بس پر پتھراؤ شروع کر دیا۔ اس دوران بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتِ حال پر قابو پایا اور بس ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے اور بس میں توڑ پھوڑ کے واقعے سے متعلق مزید کارروائی جاری ہے۔





