پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ نے لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کا اپنے آفیشل سوشل میڈیا ہینڈلز یا انہیں چلانے والے افراد پر کوئی براہِ راست کنٹرول نہیں ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے باہر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ سے سوال پوچھا گیا کہ ایک طرف پی ٹی آئی ججز سے انصاف مانگتی ہے اور دوسری طرف ان کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلائی جاتی ہے۔ اس پر وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک الگ اور پرانے نظام کے تحت چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا آپریشنز سنبھالنے والے اکثر افراد بیرونِ ملک مقیم ہیں، جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کی قیادت کا ان ہینڈلز سے کوئی براہِ راست رابطہ یا کنٹرول نہیں ہے۔ یہ بات پارٹی کی جانب سے پہلے بھی کئی بار واضح کی جا چکی ہے۔
انصاف اور انسانی حقوق
عدالتی نظام اور ججز کے کردار پر بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے زور دیا کہ تنقید یا سوشل میڈیا مہمات کے باوجود عدلیہ کا بنیادی فرض انصاف کی فراہمی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جج کا فرض ہے کہ وہ تمام تر حالات سے بالاتر ہو کر انصاف فراہم کرے اور شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کو بحال رکھے۔





