امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی جانب مثبت پیش رفت ہو رہی ہے اور مشرقِ وسطیٰ میں دوبارہ فوجی کارروائی کا امکان فی الحال کم ہے۔
ٹرمپ نے یہ بیان قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ملاقات کے بعد دیا۔ ملاقات میں ایران سمیت خطے کی صورت حال اور اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی صدر نے ٹروتھ سوشل پر ملاقات کو انتہائی اچھا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سمیت کئی اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور دیگر ممالک موجودہ صورت حال برقرار رکھنے کے حامی ہیں۔ ان کے مطابق یہ ممالک ایران کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی اور نئے فوجی آپریشن آئرن گیٹ کو جاری رکھنے کی حمایت کرتے ہیں، جس میں زمینی اور سمندری کارروائیاں شامل ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ تمام متعلقہ ممالک اس بات پر متفق ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اور اس معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو سکتا۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال تبدیل ہونے پر امریکا کارروائی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ تاہم ان کے بقول فی الحال دوبارہ فوجی آپریشن کا امکان بہت کم ہے۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اسرائیل اور مشرقِ وسطیٰ کے دیگر ممالک ایران کے خطرات سے محفوظ ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے کی جانب مثبت پیش رفت جاری ہے اور امریکا اپنے قومی مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گا۔
قطر ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ معاہدے کے لیے سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ قطری وزیراعظم سے ٹرمپ کی ملاقات بھی انہی کوششوں کے تناظر میں اہمیت رکھتی ہے۔
ایران سے جنگ نے نقصان پہنچایا، ٹرمپ
ٹرمپ نے ایران کے ساتھ جنگ کے باعث امریکی مفادات کو پہنچنے والے نقصان کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنازع کو مزید وسعت نہیں دینا چاہتے۔ دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بھی امریکا کے ساتھ کشیدگی ختم کرنے کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی حل کی کوششوں کی امید پیدا ہوئی ہے۔





