ترکیہ کے مغربی شہر ازمیر کے قریب اسٹیل فیکٹری میں دھماکے اور آتشزدگی کے نتیجے میں کم از کم 17 مزدور ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد بعض افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دھماکا ازمیر کے علاقے علی آغا میں واقع حباش دمیر چیلک اسٹیل پلانٹ میں ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متبادل بوائلر لے جانے والی کرین اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں بھاری سامان نیچے موجود بھٹی میں جا گرا۔
سامان بھٹی میں گرنے سے زور دار دھماکا ہوا اور فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی۔ جائے وقوعہ کی فوٹیج میں عمارت کے اندر آگ کے شعلے اور دھوئیں کے بلند بادل اٹھتے دکھائی دیے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکا اتنا شدید تھا کہ زمین لرز اٹھی۔ ابتدا میں بعض لوگوں کو گمان ہوا کہ علاقے میں زلزلہ آیا ہے۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے واقعے میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
وزیر صحت کمال میمیش اوغلو کے مطابق شدید زخمی ہونے والا ایک شخص دوران علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 17 ہوگئی۔
ازمیر کے گورنر سلیمان البان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بعض افراد اب بھی ملبے تلے دبے ہوسکتے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے سلسلے میں کم از کم پانچ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
فیکٹری انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حادثہ پلانٹ کی الیکٹرک آرک فرنس کی طے شدہ مرمت کے دوران پیش آیا۔ حکام واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔





