اسلام آباد میں مارگلہ ڈائیلاگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ مکہ معاہدہ سعودی عرب اور ترکیے کے ساتھ پاکستان کی شراکت داری کی علامت ہے اور یہ اقدام کسی بھی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں پرامن، مستحکم اور معاشی طور پر مربوط ماحول کا خواہاں ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی بھی ملک کی سرزمین دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
عالمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی سکیورٹی انفرا اسٹرکچر اس وقت شدید دباؤ میں ہے اور عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اطلاق تفریق پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ جیسے بین الاقوامی اداروں کو مزید موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ چین کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے، جبکہ امریکا، سعودی عرب، ترکیہ، جاپان، مصر، یو اے ای اور ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو بھی کلیدی اہمیت حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں دفاعی و تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ، معاشی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی، کاروبار کا فروغ اور عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔





