غیر قانونی مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر حملہ، شہدا میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں.
کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے جانے والی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 10 اہلکار شہید ہوگئے۔
ترجمان کوہاٹ پولیس کے مطابق واقعہ کوہاٹ اور کرک کے درمیان واقع علاقے دربوکچ جلندھر بانڈہ میں پیش آیا، جہاں پولیس پارٹی کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار غیر قانونی گولڈ مائننگ کے خلاف کارروائی کے لیے علاقے میں جارہے تھے کہ ان کی گاڑی پر حملہ کردیا گیا۔ فائرنگ کے بعد پولیس کی مزید گاڑیاں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کردی گئیں۔
پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی، جبکہ حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ جاری رہنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔ ذرائع کے مطابق حملے کے دوران پولیس کی گاڑیوں کو بھی آگ لگائی گئی۔
پی آر او پولیس نے شہدا کی تعداد 10 ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں ڈی ایس پی گمبٹ حیدر زمان اور سب انسپکٹر مختیار بھی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔





