اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، جس میں عمران خان نے نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے اس معاملے پر مثبت رائے کا اظہار کیا۔
صحافی ثاقب بشیر کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے دوران پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق قراردادوں کا حوالہ بھی دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے نئے صوبوں کے معاملے پر مثبت مؤقف اختیار کیا، تاہم پارٹی کی حتمی پالیسی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ملاقات میں عمران خان نے مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ذرائع کے مطابق جیل کے باہر جاری سیاسی اور قانونی صورتحال سے وہ مکمل طور پر آگاہ تھے۔ انہیں اخبارات اور دو تین نجی ٹی وی چینلز دیکھنے کی سہولت بھی حاصل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے معاملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ نئی انتظامیہ کا حل ان کے پاس نہیں ہے۔
عمران خان کو تشویش
ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کی اور کہا کہ انہیں بشریٰ بی بی کی فکر ہے، اس معاملے پر کچھ کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی سرجری کرانے سے اس لیے گریز کر رہی ہیں کہ معمولی سی غلطی بھی ان کی بینائی متاثر ہونے کا سبب بن سکتی ہے۔
ملاقات کے دوران بشریٰ بی بی نے 13 ماہ تک اہل خانہ سے ملاقات نہ ہونے کی شکایت کی تو عمران خان نے جواب دیا کہ انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی۔
خط لکھنے کا فیصلہ
ذرائع کے مطابق عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی ان کی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق کھلا خط لکھے گی۔
عمران خان نے ذہنی دباؤ کو جان لیوا قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک کھلاڑی ہیں اور جانتے ہیں کہ مشکل صورتحال سے کیسے نمٹنا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے ملاقات کے آغاز پر ہی کہا کہ انہیں معلوم تھا کہ وکلا ان سے ملاقات کے لیے آرہے ہیں اور وہ اس بارے میں پہلے ہی پڑھ چکے تھے۔





