وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ان کے تمام قانونی حقوق ملیں گے، جبکہ ملک کا پورا نظام درست ہونے والا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام چیزوں کو ری سیٹ ہونا چاہیے اور اس معاملے پر ان کی اور بلاول بھٹو زرداری کی رائے ایک جیسی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت پر بات کی ہے۔ ان کی ذاتی رائے بھی یہی ہے کہ تمام چیزوں کو ری سیٹ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی اور بلاول بھٹو کی رائے ایک جیسی ہے اور پورا نظام درست ہونے والا ہے۔
عمران خان کو قانونی حقوق ملیں گے
وفاقی وزیر داخلہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال پر کہا کہ انہیں وہ تمام قانونی حقوق ملیں گے جو قانون کے تحت انہیں حاصل ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ ملک میں کرپشن موجود ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ جہاں کرپشن ہے، اسے تسلیم کرکے درست کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ مولانا کے 6 سے 7 ساتھیوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، تاہم مولانا کو کوئی نوٹس جاری نہیں ہوا۔
ریفرنڈم کرانے کی تجویز
وفاقی وزیر داخلہ نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کہا کہ اس معاملے پر ریفرنڈم کرایا جا سکتا ہے۔ اگر عوام نئے صوبے نہیں چاہتے تو انہیں نہیں بنانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو نئے صوبوں کے حوالے سے عوامی سروے دیکھنے چاہئیں، کیونکہ یہ سروے نئے صوبوں کے حق میں آ رہے ہیں۔





