دہشت گرد تنظیموں کی عملی صلاحیت کو کمزور کرنے کے لیے ان کے مالیاتی نیٹ ورکس کو بے نقاب کرنا اور ختم کرنا ناگزیر ہو چکا ہے، کیونکہ یہی وسائل کارندوں کی بھرتی، اسلحے کی خریداری اور تخریبی کارروائیوں کی منصوبہ بندی کا بنیادی ذریعہ ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فتنہ الخوارج افغانستان سے سرگرم اسمگلنگ اور منشیات کی غیر قانونی تجارت کے نیٹ ورکس کے ذریعے اپنی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے رقوم اکٹھی کرتی ہے، جبکہ مجرمانہ ذرائع سے اس نیٹ ورک کو مسلسل سہارا دیا جا رہا ہے۔
مذہب کا استعمال
دستاویزات کے مطابق یہ تنظیم بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور عام شہریوں سمیت کمزور طبقات سے خوف، دھمکیوں اور تشدد کے ذریعے رقوم بٹور کر مالی وسائل جمع کرتی ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج کے ارکان ذاتی مالی مفادات کے لیے تنظیم کو استعمال کرتے ہیں اور حلال و حرام کی تمیز کیے بغیر مالی فوائد سمیٹتے ہیں، جبکہ اپنے پیروکاروں کو گمراہ کرنے کے لیے مذہب کا سہارا بھی لیا جاتا ہے۔
دہشت گردی کی حوصلہ افزائی
حال ہی میں فتنہ الخوارج کی جانب سے کرک میں سی ٹی ڈی کے ڈی ایس پی عمران الدین کے قتل میں ملوث عناصر کے لیے 2 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ تشدد اور دہشت گردی کی کارروائیوں کو فروغ دینے کے لیے باقاعدہ مالی وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی ایک تحقیق کے مطابق فتنہ الخوارج کو ماہانہ تقریباً 43 ہزار ڈالر مالی وسائل حاصل ہوتے ہیں، جن کے ذرائع، منتقلی کے راستوں اور وصول کنندگان کا سراغ لگانا انتہائی ضروری ہے۔
انسدادِ دہشت گردی
ماہرین کے مطابق مالیاتی تحقیقات میں غیر قانونی تجارت، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، عطیات اور بیرونی مالی معاونت سمیت تمام ممکنہ ذرائع کا باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا۔
اس مقصد کے لیے حوالہ و ہنڈی کے نیٹ ورکس، بینکنگ ذرائع، آن لائن ادائیگی کی خدمات، نقد لین دین پر مبنی کاروبار اور مالیاتی واسطہ کاروں کی مؤثر نگرانی ناگزیر ہے، تاکہ جائز مالیاتی سرگرمیاں متاثر کیے بغیر مشکوک لین دین کی بروقت رپورٹنگ یقینی بنائی جا سکے۔
پاکستان کو قانون نافذ کرنے والے اداروں، مالیاتی انٹیلی جنس یونٹس اور ریگولیٹری حکام کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ سرحد پار مالی لین دین کا سراغ لگانے کے لیے عالمی تعاون بھی بڑھانا ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی عمران الدین، ایس ایچ او افضل اعوان اور کانسٹیبل کاظم کی شہادتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عظیم قربانیوں اور دہشت گردی کے مالیاتی ڈھانچے کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہیں۔





