پاکستان معدنی وسائل سے مالامال، عالمی سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے، اسحاق ڈار

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں عالمی سرمایہ کاروں کو سہولتیں دینے کا اعلان، مریم نواز نے پنجاب کے دریاؤں میں سونے کے ذخائر کے شواہد ملنے کا دعویٰ کردیا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا انعقاد

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں اسحاق ڈار، مریم نواز اور سرفراز بگٹی کے اہم اعلانات، معدنی ذخائر میں سرمایہ کاری اور ریکوڈک منصوبے سے متعلق تفصیلات۔

November 12, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے اور حکومت عالمی سرمایہ کاروں کو معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے معدنی شعبے کو مزید ترقی ملے گی۔

اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں دو روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کا آغاز ہوگیا، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنر خیبرپختونخوا اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

فورم کے پہلے روز خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ معدنی شعبے میں عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے۔ پاکستان معاشی ترقی کے اہم مرحلے پر کھڑا ہے اور حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

مریم نواز کا بیان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاؤں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں اور ابتدائی شواہد سے سونے کے وافر ذخائر کی موجودگی ظاہر ہوتی ہے۔ دریائی ریت اور بجری میں دیگر قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کے قدرتی وسائل کو خوش حالی میں بدلنے کے لیے تجارتی شراکت داریوں کے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں، جبکہ سرمایہ کاروں کو کاروبار کے لیے سستے نرخوں پر زمین فراہم کی جا رہی ہے۔

سرفراز بگٹی کا اعلان

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے اور سرمایہ کاروں کو سکیورٹی سمیت تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ منرل کوریڈور کی سکیورٹی کے لیے نیا ڈویژن قائم کیا گیا ہے، جبکہ ایف سی کا نیا ونگ بھی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت دی جائے گی اور سرخ فیتے کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ ریکوڈک سمیت معدنیات، تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سرفراز بگٹی کے مطابق ریکوڈک منصوبے پر 2029 تک کام شروع ہو جائے گا، جبکہ سرونہ میں تیل اور گیس کے ایسے ذخائر موجود ہیں جو سوئی کے ذخائر سے بھی زیادہ ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی سندھ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

فیصل کریم کنڈی کی دعوت

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سرمایہ کاروں کو صوبے میں معدنیات کی تلاش کے لیے سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کان کنی کے فروغ کے لیے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ صوبہ گیس کی پیداوار میں ملک کا دوسرا بڑا صوبہ ہے۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مواقع

وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا کہ معدنیات کی تلاش کے لیے لائسنس کے اجرا سمیت دیگر سہولتوں کی فراہمی کے لیے پورٹل موجود ہے۔ سرمایہ کاروں کو صوبے میں سازگار ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

محسن نقوی نے عمران خان کے قانونی حقوق کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کا پورا نظام درست ہونے والا ہے۔

November 12, 2026

فتنہ الخوارج کے مجرمانہ مالیاتی نیٹ ورکس اور دہشت گردی کی مالی معاونت کے ذرائع بے نقاب ہو گئے، ماہانہ ہزاروں ڈالر کی ترسیل اور بھتہ خوری کے شواہد سامنے آ گئے۔

November 12, 2026

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی اور ڈاکٹر عظمیٰ خان کو رہائی مل گئی، دونوں کو ستمبر میں تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا تھا۔

November 12, 2026

اڈیالہ جیل میں عمران خان سے وکلا کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، بانی پی ٹی آئی نے نئے صوبوں کے قیام پر بھی مثبت رائے کا اظہار کیا۔

November 12, 2026

رائے دیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *