سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 74 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 نومبر سے بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشنز جاری ہیں۔ اس دوران مختلف جھڑپوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 31 خوارج ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائیوں کے دوران ان ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی میں فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گرد ہلاک کیے گئے جبکہ اورکزئی میں کارروائی کے دوران مزید 8 خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ فورسز نے دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو نقصان پہنچایا جبکہ متاثرہ علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی حکمت عملی عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے کارروائیوں میں کامیابی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔





