فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے۔ معدنی وسائل کی ترقی سے مقامی آبادیوں کو فائدہ پہنچنا چاہیے اور ان علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں میں واضح بہتری آنی چاہیے۔
اسلام آباد میں جاری منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ملک میں فروغ دینا ہے۔
معدنی ترقی کے ثمرات
فیلڈ مارشل نے کہا کہ معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو ترقی کے عملی فوائد ملنے چاہییں۔ ان کے مطابق معدنی شعبے میں سرمایہ کاری اور ترقی ایسی ہونی چاہیے جس سے مقامی آبادی کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری آئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ ملک اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد پیدا کیے جا سکیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے عوام کی صلاحیت اور عزم بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کو اپنی صلاحیتوں کو پیداوار میں بدلنا ہوگا، وعدوں کے بجائے عملی اقدامات کرنا ہوں گے اور خام معدنیات کی برآمد سے آگے بڑھ کر ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری پر توجہ دینا ہوگی۔





