پاکستان نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری اور غیر مشروط بندش کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے سید حیدر شاہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2140 (2014) کے تحت قائم پابندیوں کی تجدید اور ماہرین کے پینل کے مینڈیٹ میں توسیع کا خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے 2140 کمیٹی کا کردار اہم ہے۔
پاکستانی سفیر نے سعودی عرب کے خلاف حوثی ملیشیا کے حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
سید حیدر شاہ نے زور دیا کہ سعودی عرب کو اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی قانون کے مطابق اپنے علاقے کا دفاع کرنے اور اپنے شہریوں سمیت وہاں مقیم افراد کے تحفظ کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے یمن میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ذمہ دار عناصر کے احتساب کو ضروری قرار دیتے ہوئے برطانیہ کی جانب سے قرارداد کی منظوری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔ پاکستان نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔
پاکستانی سفیر نے پابندیوں کے نظام پر مؤثر عمل درآمد اور ماہرین کے پینل کی غیر جانب دارانہ اور پیشہ ورانہ کارکردگی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یمن میں امن اور استحکام کے لیے اقوام متحدہ کی قیادت میں جامع سیاسی عمل ضروری ہے، جس کی قیادت یمن کے عوام خود کریں۔ پاکستان یمن میں امن و سلامتی کی بحالی اور وہاں کے عوام کی انسانی مشکلات کم کرنے کی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔





