ملک کے بالائی علاقوں سمیت پنجاب، اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں میں رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں متوقع موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب اور پوٹھوہار ریجن میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پوٹھوہار، مری اور گلیات کے بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب کے اضلاع نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، خانیوال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو اور بہاولپور سمیت ملحقہ علاقوں میں رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھانے کا خدشہ ہے۔
خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے مختلف مقامات پر بھی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
موسمی صورتحال کے باعث خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری، ژالہ باری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے، جس سے سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔
حکام نے سیاحوں اور مسافروں کو پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بھی ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دیکھیے : لاہور اور ملتان سموگ کی لپ





