بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کے اہم معدنی ذخائر کی نشاندہی ہوئی ہے۔ نئی دریافت ریکوڈک منصوبے سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے، جس کے بعد علاقے میں مزید معدنی تحقیق کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ماری انرجیز نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ذیلی کمپنی ماری منرلز نے ضلع چاغی کے علاقے ایسٹ سیاہ ڈیک میں تانبے اور سونے کے ذخائر دریافت کیے ہیں۔ کمپنی نے اس پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔
کمپنی کے مطابق معدنی ذخائر کی تلاش کے لیے دو مراحل میں مجموعی طور پر 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کی گئی۔ اس دوران زمین میں 500 میٹر گہرائی تک تانبے کے ذخائر کی نشاندہی ہوئی، جبکہ معدنی ذخائر تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔
معدنی ذخائر کی مزید جانچ جاری
ماری انرجیز کے اعلامیے کے مطابق دوسرے مرحلے کی ڈرلنگ کے دوران حاصل کیے گئے نمونوں کے لیبارٹری نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں۔ ان نتائج سے معدنی ذخائر کی نوعیت اور مقدار کے تعین میں مدد ملے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں ایک ہزار میٹر گہرائی تک مزید ڈرلنگ کی جائے گی۔ اس تحقیق کا مقصد ذخائر کے مجموعی حجم اور ان کی معاشی اہمیت کا تعین کرنا ہے۔
چاغی میں تانبے اور سونے کی یہ نئی دریافت بلوچستان کے معدنی وسائل کی تلاش میں اہم پیش رفت ہے، تاہم ان ذخائر کی حتمی مقدار اور تجارتی اہمیت کا اندازہ مزید تحقیق اور لیبارٹری نتائج کے بعد ہی لگایا جا سکے گا۔





