امریکا میں فضائی نظام بحال ہونے کے باوجود پروازوں کا شیڈول معمول پر نہ آ سکا، ہفتے کے روز 6 ہزار 228 پروازیں منسوخ جبکہ 7 ہزار 542 تاخیر کا شکار ہوئیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر مختلف ہوائی اڈوں پر پھنس گئے۔
فلائٹ اویئر کے اعداد و شمار کے مطابق امریکا آنے اور وہاں سے روانہ ہونے والی پروازیں بڑے پیمانے پر متاثر ہوئیں۔ دنیا بھر میں بھی مجموعی طور پر 6 ہزار 843 پروازیں منسوخ اور تقریباً 20 ہزار تاخیر کا شکار ہوئیں۔
امریکا کے بڑے ہوائی اڈوں ڈیلاس، ہیوسٹن، شکاگو، اٹلانٹا اور نیویارک میں صورت حال زیادہ خراب رہی۔ شکاگو کے اوہیئر ایئرپورٹ پر 559 سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں جبکہ اٹلانٹا کے ہارٹس فیلڈ جیکسن ایئرپورٹ پر 479 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
ڈیلاس فورٹ ورتھ ایئرپورٹ پر بھی سیکڑوں پروازیں متاثر ہوئیں، جس کے باعث متعدد مسافروں کو رات ایئرپورٹ پر گزارنا پڑی۔
فضائی کمپنیوں میں جیٹ بلیو سب سے زیادہ متاثر ہوئی، جس کی تقریباً 45 فیصد پروازیں منسوخ ہوئیں۔ امریکن ایئرلائنز، یونائیٹڈ اور ڈیلٹا نے بھی اپنے شیڈول کی تقریباً ایک چوتھائی پروازیں منسوخ کر دیں۔
متاثرہ مسافروں کو اضافی فیس کے بغیر سفر کی نئی تاریخیں دینے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق فضائی حدود کھلی ہیں اور پروازیں محفوظ طریقے سے جاری ہیں، تاہم طیاروں اور عملے کی دوبارہ تعیناتی اور مسافروں کی بکنگ کے مسائل کے باعث فضائی آپریشن معمول پر آنے میں وقت لگ رہا ہے۔
حکام کو توقع ہے کہ اتوار کی رات تک ایئرلائنز کا مکمل شیڈول بحال ہو جائے گا، تاہم مسافروں کو مزید پروازیں منسوخ ہونے اور تاخیر کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





