عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے، جس سے سندھ کے دیہی علاقوں میں صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب اور صفائی کا نظام بہتر بنایا جائے گا۔
عالمی بینک کے مطابق منصوبے کے تحت سندھ کے دیہی علاقوں میں شمسی توانائی سے چلنے والے واٹر سپلائی سسٹم نصب کیے جائیں گے، جبکہ نکاسی آب اور صفائی کے جدید نظام بھی قائم کیے جائیں گے۔
منصوبے کے ذریعے سندھ کی 80 فیصد دیہی آبادی کو پانی اور صفائی کی بہتر سہولتیں فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس سے بچوں میں غذائی کمی اور نشوونما کے مسائل پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
عالمی بینک کے مطابق سندھ کے دیہی علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر نصف سے زائد بچے کم نشوونما کا شکار ہیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے صاف پانی اور صفائی کا دس سالہ منصوبہ چار مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے کے پہلے مرحلے پر مجموعی طور پر 54 کروڑ ڈالر خرچ ہوں گے، جس میں عالمی بینک 30 کروڑ ڈالر، ایشیائی ترقیاتی بینک 15 کروڑ ڈالر جبکہ سندھ حکومت 9 کروڑ ڈالر فراہم کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان میں عالمی بینک کے تعاون سے اس وقت 47 منصوبے جاری ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 16 ارب 10 کروڑ ڈالر ہے۔





