بھارت کے علاقے سری گنگانگر میں ہونے والے ریلوے دھماکے کو پاکستان اور اس کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی سے جوڑنے کے بھارتی میڈیا کے دعوؤں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسترد کر دیا گیا ہے۔
متعلقہ حلقوں کی جانب سے جاری کردہ موقف میں واضح کیا گیا ہے کہ گنگانگر واقعہ خالصتاً بھارت کے مقامی جرائم کا معاملہ ہے، جس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔
مؤقف میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں گرفتار ہونے والے ملزمان، مہک دیپ کور اور بھارتی پنجاب کے ضلع گورداسپور سے تعلق رکھنے والے دیویندر سنگھ، مقامی باشندے ہیں۔
مزید برآں، کارروائی میں استعمال ہونے والا دھماکا خیز مواد اور اس میں ملوث جرائم پیشہ گروہوں کے باہمی روابط بھی مقامی نوعیت کے ہیں، تاہم بھارتی نشریاتی ادارے زی نیوز کی جانب سے بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان میں ایک فرضی ہینڈلر کی کہانی تراش کر سنسنی خیزی پھیلائی جا رہی ہے۔
داخلی ناکامیوں پر پردہ
صرف رواں سال دو ہزار چھبیس کے دوران بھارت کی جانب سے سو سے زائد مقامی واقعات اور ٹرین دھماکوں کی ذمہ داری پاکستان پر عائد کی جا چکی ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ بھارتی پولیس اور انٹیلی جنس ادارے اپنی پیشہ ورانہ ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ہر معاملے میں پاکستان کا نام استعمال کرتے ہیں۔
اس امر پر بھی سوال اٹھایا گیا ہے کہ اگر واقعی ہر واقعے کے پیچھے بیرونی ہاتھ ملوث ہے تو بھارتی انٹیلی جنس ادارے بروقت کارروائی کرنے میں کیوں ناکام رہتے ہیں اور ہر سانحے کے بعد ہی ٹی وی نشریات کے لیے من گھڑت کہانیاں کیوں سامنے لائی جاتی ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ درحقیقت بھارتی حکام سرحدی ریاست پنجاب میں منشیات کی اسمگلنگ اور منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس پر قابو پانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، اور اپنی اس داخلی کمزوری سے توجہ ہٹانے کے لیے سارا ملبہ اسلام آباد پر ڈال دیا جاتا ہے۔
ٹھوس شواہد کا مطالبہ
مؤقف میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بے بنیاد پراپیگنڈے کے بجائے حقائق اور ٹھوس شواہد سامنے لائے جائیں۔
مطالبہ کیا گیا ہے کہ اگر بھارتی حکام کے پاس اس حوالے سے کوئی صداقت موجود ہے تو ملزمان کے مکمل کوائف، رابطوں کے مقامات، کال ریکارڈز اور مالی لین دین کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں، بصورت دیگر یہ تسلیم کیا جائے کہ یہ بھارت کا اپنا داخلی امن و امان کا مسئلہ ہے۔





