نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغان عوام یا افغانستان کے اندرونی معاملات سے کوئی مسئلہ نہیں، اصل اختلاف دہشت گردی کا ہے۔ ان کے مطابق طالبان حکومت دہشت گردی سے متعلق خدشات دور کرے تو دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید پیش رفت ممکن ہے۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار نے افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پُرامن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے اور افغان عوام کے ساتھ اس کے کوئی اختلافات نہیں ہیں۔
اسحاق ڈار کے مطابق پاکستان کا مسئلہ افغانستان کے عوام یا وہاں کے اندرونی معاملات نہیں بلکہ دہشت گرد عناصر ہیں۔ انہوں نے افغان طالبان پر زور دیا کہ وہ پڑوسی ممالک کے سکیورٹی تحفظات دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
انہوں نے کہا کہ اگر طالبان اپنی پالیسیوں میں بہتری لائیں اور دہشت گردی کے مسئلے کو حل کریں تو پاکستان تعلقات میں بہتری کے لیے کئی قدم آگے بڑھنے کو تیار ہے۔
نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام پورے خطے کے مفاد میں ہے۔ ایک مستحکم افغانستان علاقائی تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرسکتا ہے۔
افغان پرچم
ای سی او اجلاس کے دوران افغانستان کا سابقہ قومی پرچم، جس میں سیاہ، سرخ اور سبز رنگ شامل ہیں، استعمال کیا گیا، جبکہ طالبان حکومت کا سفید پرچم نظر نہیں آیا۔
اسحاق ڈار کے بیان کے تناظر میں یہ معاملہ بھی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ پاکستان نے افغانستان کو ایک رکن ملک کی حیثیت سے اجلاس میں برقرار رکھا، تاہم طالبان حکومت کے نمائندوں کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا۔
افغان وزارت خارجہ کے عہدیدار ذاکر جلالی نے طالبان حکومت کو دعوت نہ دینے کے فیصلے پر تنقید کی تھی۔ ان کا مؤقف تھا کہ افغانستان کو علاقائی اقتصادی تعاون سے الگ نہیں رکھا جانا چاہیے۔
پانچ ترجیحی شعبے
اسحاق ڈار نے ای سی او اجلاس میں پاکستان کی صدارت کے دوران پانچ ترجیحی شعبوں کی نشاندہی بھی کی۔ ان میں تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ، علاقائی روابط کی مضبوطی، تجارتی معاہدوں میں بہتری، قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے تعاون اور انسانی ترقی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کے لیے ریاستوں کے درمیان اعتماد اور بین الاقوامی معاہدوں پر عمل درآمد ضروری ہے۔ دہشت گردی اور عدم استحکام نہ صرف تجارتی راستوں بلکہ توانائی کی فراہمی اور سرمایہ کاری کو بھی متاثر کرتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان افغانستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے، تاہم اس پیش رفت کے لیے علاقائی امن اور سکیورٹی خدشات کا حل ضروری ہے۔





