پاکستان سمیت 16 ممالک کے وزرائے خارجہ نے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں کی سرگرمیوں میں ملوث اداروں اور غزہ کو انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے والی تنظیموں پر برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کا خیرمقدم کیا ہے۔
بیس نومبر 2026 کو جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں ان ممالک نے واضح کیا کہ غیر قانونی بستیوں کی سرگرمیوں، بالخصوص ای ون بستیوں کے منصوبے میں ملوث اداروں اور افراد کے خلاف پابندیوں سمیت بین الاقوامی احتساب ناگزیر ہے۔
مشترکہ بیان میں اسلامی جمہوریہ پاکستان سمیت 16 ممالک نے اسرائیل کی جانب سے بستیوں کے قیام کی مسلسل پالیسیوں کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری کے دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ برطانیہ اور آسٹریلیا کی مثال کی پیروی کرتے ہوئے عملی اقدامات اٹھائیں۔
وزرائے خارجہ کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے کیے گئے یہ اقدامات بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 (2016) اور عالمی عدالت انصاف کی 19 جولائی 2024 کی مشاورتی رائے کے عین مطابق ہیں۔
بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل کو تمام غیر قانونی اور توسیع پسندانہ بستیوں کے اقدامات فوری واپس لینے چاہئیں، جن میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جغرافیائی اور آبادیاتی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوششیں بھی شامل ہیں۔
مشترکہ اعلامیے میں اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک جاری اسرائیلی جارحیت میں 75,503 فلسطینی شہید اور 181,251 زخمی ہو چکے ہیں، جو انسانی المیے کی سنگینی کو ظاہر کرتا ہے۔
ممالک نے غزہ میں اسرائیلی فوجی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ غزہ تنازع کے خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کے جامع منصوبے پر مکمل اور فوری عملدرآمد کیا جانا چاہیے۔
اعلامیے کے اختتام پر اس مؤقف کا اعادہ کیا گیا کہ 4 جون 1967 کی سرحدوں کی بنیاد پر ایک آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست کے قیام کے ذریعے دو ریاستی حل ہی خطے میں پائیدار امن کا واحد راستہ ہے، جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔





