پاکستان اور ترکیہ نے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش، معدنی وسائل کی ترقی اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔ اس سلسلے میں ترکیہ کا جدید تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کراچی پہنچ گیا ہے، جو پاکستانی سمندری حدود میں تقریباً 670 مربع کلومیٹر کے علاقے کا سروے کرے گا۔
ترک تحقیقی جہاز کی کراچی بندرگاہ آمد پر استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی بنیادوں پر قائم ہیں۔ اب ضرورت ہے کہ اس دوستی کو عملی اقتصادی منصوبوں اور عوام کی ترقی کے مواقع میں تبدیل کیا جائے۔
اسحاق ڈار کے مطابق 87 میٹر طویل اورچ رئیس جدید سیسمک اور صوتی آلات سے لیس ہے۔ یہ جہاز صوتی لہروں کے ذریعے سمندر کی تہہ میں موجود چٹانوں کی ساخت کا جائزہ لے گا۔ حاصل ہونے والے ڈیٹا سے زیرِ سمندر ارضیاتی ساخت کی سہ جہتی تصاویر تیار کی جائیں گی۔
اس تحقیق سے مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور کھدائی کے امکانات کا تعین کرنے میں مدد ملے گی۔ ترک حکام کے مطابق سروے مکمل ہونے میں تقریباً پانچ سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں۔
نائب وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ مشن پاکستان میں تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت کے امکانات روشن کرے گا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ سمندری ذخائر کی تلاش ایک پیچیدہ اور مہنگا عمل ہے۔ سیسمک سروے سے تیل یا گیس کے ذخائر ملنے کی ضمانت نہیں ہوتی، البتہ یہ مستقبل کی تلاش کے لیے بنیادی معلومات فراہم کرتا ہے۔
پاکستانی اور ترکیہ کی مشترکہ تحقیقات
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی ماہرینِ ارضیات اور انجینیئرز ترک ماہرین کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ دونوں ممالک کی جامعات اور تحقیقی اداروں کے درمیان سمندری ارضیات اور توانائی کی تلاش سے متعلق انجینیئرنگ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات بھی موجود ہیں۔
پاکستان کے انڈس آف شور بلاک سی میں سمندری تحقیق کے لیے ترک کمپنی ترک پیٹرولیم اوورسیز کمپنی کو آپریٹر شپ منتقل کرنے کا معاہدہ 2 دسمبر 2025 کو طے پایا تھا۔ اس منصوبے میں ترک کمپنی کے علاوہ جی ایچ پی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، ماری انرجیز اور او جی ڈی سی ایل بھی شامل ہیں۔
معدنی ذخائر میں بھی تعاون
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعاون کا دائرہ اہم معدنیات تک بھی پھیل رہا ہے۔ پاکستان منرل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کمپنی بلوچستان میں اینٹی منی اور سونے کے ذخائر کی ترقی کے لیے اشتراک کر رہی ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ تیل و گیس کی تلاش، معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی سمیت مختلف شعبوں میں طویل مدتی شراکت داری چاہتا ہے۔ انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اہم منصوبوں میں ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ بہتر بنایا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے سمندری سرگرمیوں میں بحری تحفظ اور ماحولیاتی معیار کا خیال رکھنے پر بھی زور دیا۔
ان کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کا یہ مشترکہ مشن سائنسی تحقیق، ملکی صلاحیتوں کی ترقی اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔





