جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سرگودھا میں جلسے کی اجازت نہ دینے اور پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے خلاف ملک بھر میں احتجاج اور ملک جام کرنے کا اعلان کر دیا۔
مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا عطاء الرحمن کو بھی کوٹ مومن سے گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ جے یو آئی نے دیگر رہنماؤں کی گرفتاریوں، گھروں پر چھاپوں اور راستوں کی بندش پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔
جے یو آئی کے سربراہ نے ویڈیو بیان میں کہا کہ وہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود سرگودھا روانہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں ان کی رہائش گاہ کے باہر کنٹینر کھڑے کرکے نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے، جبکہ سرگودھا جانے والے راستے بھی بند ہیں۔ انہوں نے کوہستان اور چترال سے لے کر بدین، تربت، مکران اور چمن تک کارکنوں اور عوام سے سڑکوں پر نکلنے اور اہم شاہراہیں بند کرنے کی اپیل کی۔
پارٹی ترجمان اسلم غوری کے مطابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری، جے یو آئی پنجاب کے امیر مولانا امجد خان اور مرکزی صدر جمعیت طلبہ اسلام ملک اویس کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ مولانا عطاء الرحمن کی گرفتاری بھی پارٹی قیادت کے خلاف جاری کارروائیوں کا حصہ ہے۔
انہوں نے سیاسی جماعتوں کو جلسوں کی اجازت نہ دینے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مریم نواز خود جلسے کر رہی ہیں تو اپوزیشن جماعتوں کو بھی سیاسی اجتماعات کا حق ملنا چاہیے۔
اسلم غوری نے سوال کیا کہ مولانا عبدالغفور حیدری رکن قومی اسمبلی ہیں، ان کی گرفتاری کیا اسپیکر قومی اسمبلی کی اجازت سے کی گئی؟ انہوں نے بغیر وارنٹ گرفتاریوں اور دیگر رہنماؤں کے گھروں پر چھاپوں کی بھی مذمت کی اور گرفتار رہنماؤں و کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
جے یو آئی پنجاب کے جنرل سیکریٹری نصیر احرار نے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکن پُرامن طور پر سرگودھا جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے جی ٹی روڈ، موٹروے اور دیگر راستے بند کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب پولیس حکام نے مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا امجد خان اور ملک اویس کو حراست میں لینے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق سرگودھا ڈویژن میں دفعہ 144 نافذ ہے اور تینوں رہنماؤں کو اس کی خلاف ورزی کے الزام میں نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔





