سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کو شارع فیصل پر ریلی نکالنے اور باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے 29 نومبر کو شارع فیصل پر ریلی اور باغ جناح میں جلسے کے انعقاد کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔ یہ درخواست تین روز قبل موصول ہوئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی روز سندھ ترقی پسند پارٹی نے بھی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس جلسے کی اجازت کے لیے درخواست گزشتہ ماہ محکمہ داخلہ سندھ کو دی گئی تھی۔
محکمہ داخلہ نے امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم کیو ایم کی درخواست منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم، حکام نے جماعت کو کسی اور دن ریلی اور جلسہ منعقد کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کو ریلی کا روٹ تبدیل کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔





