وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ دفاعی معاہدے کے تحت اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سعودی عرب اور یمن کے حوثیوں کے درمیان تنازع پر بھی مشاورت ہوگی۔
انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے سعودی عرب کی حوثیوں کے خلاف حکمت عملی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت یہ بات واضح ہے کہ سعودی عرب کے لیے کوئی بھی خطرہ پاکستان اور ترکیہ کے لیے بھی خطرہ ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ مکہ دفاعی معاہدہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ اس لیے تینوں ممالک کو مسلسل مشاورت کی ضرورت ہے تاکہ مشترکہ اقدامات جلد طے کیے جا سکیں۔
ان کے مطابق اگلے چند ماہ میں ضروری انتظامات مکمل کرنے کے بعد معاہدے پر مزید پیش رفت کی جا سکے گی۔
اسرائیل ممکنہ خطرہ ہے
خواجہ آصف نے ایران کی جانب سے سعودی عرب پر براہ راست حملے کی صورت میں معاہدے کے تحت ممکنہ ردعمل سے متعلق سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔
تاہم انہوں نے اسرائیل کو خطے کے دیگر ممالک کے لیے ممکنہ خطرہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے مزید تنازع یا جارحیت کا امکان موجود ہے، اس لیے خطے کے ممالک کو متحد ہوکر اپنی صفیں مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے کردار پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان تعمیری کردار ادا کیا، تاہم جاری مصالحت کے نتائج ابھی واضح نہیں ہیں اور امن کے حوالے سے توقعات پوری نہیں ہوسکیں۔
پاکستان کی ثالثی
یاد رہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں کی تھیں، جن کے نتیجے میں رواں برس جون میں دونوں ممالک کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا تھا۔ اس کے بعد دونوں فریقوں نے مختصر مدت کے لیے جنگ روک دی تھی۔
معاہدے میں حتمی جنگ بندی کے لیے اقدامات، آبنائے ہرمز کی بحالی اور ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی تجاویز بھی شامل تھیں۔





