افغانستان سے انڈیا آنے والی پرواز نے سکیورٹی سمیت تمام اہلکاروں کو اُس وقت حیرانی میں مبتلا کر دیا جب لینڈنگ گیئر میں چھپ کر ایک 13 سالہ افغان لڑکا دہلی پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔
خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کا کہنا ہے کہ اندرا گاندھی ایئر پورٹ پر ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد اس لڑکے کو اُسی فلائٹ سے واپس افغانستان روانہ کر دیا گیا۔
نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ افغانستان کی کام ایئر لائن کی فلائٹ آر کیو – 4401 جب کابل سے دہلی پہنچی تو جہاز کے عملے نے ایک لڑکے کو طیارے کے قریب چلتے ہوئے دیکھا۔
انھوں نے فوری طور پر ایئر پورٹ سکیورٹی حکام کو مطلع کیا جو اُسے تحقیقات کے لیے ٹرمینل پر لے گئے۔
لڑکے نے تفتیش کے دوران بتایا کہ اُس کا تعلق افغانستان کے صوبے قندوز سے ہے۔ انڈین حکام نے افغان لڑکے کا نام اور شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق لینڈنگ گیئر کا حصہ انتہائی خطرناک ہوتا ہے کیونکہ وہاں آکسیجن نہیں ہوتی اور بلندی پر زندہ رہنا مشکل ہوتا ہے۔ خوش قسمتی سے لڑکا زندہ بچ گیا۔
ایئرلائن کی ٹیم نے معائنے کے دوران لینڈنگ گیئر میں ایک سرخ اسپیکر بھی دریافت کیا جو ممکنہ طور پر لڑکے کا ذاتی سامان تھا۔ حکام نے طیارے کی مکمل جانچ کے بعد اسے محفوظ قرار دے دیا۔
دیکھیں: افغان مہاجرین کی وطن واپسی: تعداد سات لاکھ تک پہنچ گئی