ترجمانِ دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ طالبان حکومت نے افغان سرزمین پر ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کی موجودگی کو تسلیم کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمانِ دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ افغان حکّام اگرچہ ٹی ٹی پی ودیگر تنظیموں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے مختلف جواز پیش کررہے ہیں، تاہم ان گروہوں کی موجودگی پاکستان کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پاک افغان کشیدگی کو سامنے رکھتے ہوئے سرحد بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور تاحکمِ ثانی بند رہے گی۔
ترجمانِ دفترِ خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاک افغان مذاکرات کا اگلا دور 6 نومبر کو استنبول میں متوقع ہے، تاہم اسکے متعلق کسی قسم کی رائے دینا قبل از وقت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 6نومبر کے بعد ہی نتائج سامنے آئیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے حالیہ دنوں میں افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا، جبکہ پاکستانی حکام متعدد بار مطالبہ کرچکے ہیں کہ طالبان حکومت افغان سرزمین پاکستان مخالف کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
 
								 
								 
								 
								 
								 
								 
								