بدھ کو اسلام آباد پولیس نے ایک افغان شہری کو گرفتار کیا جو ڈپلومیٹک انکلیو میں امریکی سفارت خانے کے افسر کا جعلی شناختی کارڈ دکھا کر داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔
ملزم، جس کی شناخت حارث کے نام سے ہوئی، دو خواتین کے ہمراہ گیٹ نمبر 2 سے انکلیو میں داخل ہوا، جس پر پہلے سے اس کی نگرانی کر رہی قانون نافذ کرنے والی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے فوری طور پر کارروائی کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق حارث متعدد فراڈ کیسز میں مطلوب ہے اور اس سے پہلے بھی امریکی سفارت خانے کی جانب سے اس کی مشکوک سرگرمیوں پر شکایات درج کرائی جا چکی ہیں۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت سے پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے سیکریٹریٹ پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا جہاں سخت سکیورٹی کے تحت مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حارث کی سرگرمیوں کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے تاکہ کسی ممکنہ سکیورٹی خطرے کا تعین کیا جا سکے اور یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس کے شہر یا انکلیو میں ساتھی بھی موجود تھے۔
تفتیش کاروں نے مزید کہا کہ یہ کیس ڈپلومیٹک علاقوں میں داخل ہونے والے افراد کی سخت جانچ اور نگرانی کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے، اور حساس سرکاری و غیر ملکی دفاتر میں سکیورٹی پروٹوکول کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔
دیکھیں: خیبرپختونخوا کے 42 افغان مہاجر کیمپس مستقل بند، 3 لاکھ سے زائد کی وطن واپسی شروع