افغانستان کے صوبہ کنڑ کے دورافتادہ ضلع ڈانگام میں ٹی ٹی پی کے متعدد ارکان برفانی تودہ گرنے کے باعث ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق جمعے ایک بڑے برفانی تودے نے گروپ کے قیام گاہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 70 افراد ملبے تلے دب گئے۔
مقامی انتظامیہ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ اس حادثے میں اب تک 35 افراد کی ہلاکت ہو چکی ہے۔ امدادی کاروائیوں کے دوران متعدد زخمیوں کو برآمد کر لیا گیا ہے، جن میں سے اکثر کی حالت تشوشناک بتائی جا رہی ہے۔
ایچ ٹی این ذرائع کے مطابق دور دراز پہاڑی مقام پر واقع ہونے، خراب موسم اور سخت سردی کے باعث بچاؤ اور ریسکیو آپریشنز شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ ہلاکتوں کی حتمی تعداد کا تعین ابھی جاری ہے اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ ملبے میں دبے متعدد افراد کے زندہ بچنے کے امکانات معدوم ہوتے جا رہے ہیں۔
صوبائی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ حادثہ خطے کی جغرافیائی اور موسمی حالات میں سرگرم غیر ریاستی عناصر کے لیے بھی خطرات کی نشاندہی کرتا ہے۔
ایچ ٹی این ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیمیں شدید برف باری اور کم درجہ حرارت کے باوجود متاثرہ مقام پر پہنچ چکی ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ نیز طبی امداد اور دیگر ضروری سامان ہوائی راستے سے پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
دیکھیں: دنیا بہت جلد افغان حکومت کو تسلیم کر لے گی؛ زلمے خلیل زاد کا دعویٰ