پاکستان نے افغان طلبا کے لیے مکمل طور پر فنڈ شدہ علامہ اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تیسرے مرحلے کےفیز 2 کا باضابطہ اعلان کیا ہے۔ اس مرحلے کے تحت 4,500 افغان طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے مختلف شعبوں میں مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
اسکالرشپ پروگرام کے تحت میڈیسن، انجینئرنگ، زراعت، مینجمنٹ، سماجی علوم اور کمپیوٹر سائنس جیسے شعبوں میں داخلے دیے جائیں گے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے یہ اسکالرشپ ٹیوشن فیس، رہائش، ماہانہ وظیفہ، کتب اور سفری اخراجات سمیت مکمل سہولتیں فراہم کرے گی۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔
Pakistan announces third batch of Phase III of fully funded Allama Iqbal Scholarships for students from Afghanistan. pic.twitter.com/zfxW1C8q7k
— Mohammad Sadiq (@AmbassadorSadiq) September 3, 2025
اس سے قبل پہلے اور دوسرے مرحلوں کے دوران ہزاروں افغان طلبہ نے پاکستانی جامعات سے کامیابی کے ساتھ تعلیم حاصل کی اور اپنے وطن واپس جا کر مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
پہلے مرحلے میں تقریباً 3,000 جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید ہزاروں طلبہ کو اسکالرشپس دی گئیں۔ ان طلبہ میں سے بڑی تعداد نے میڈیکل اور انجینئرنگ کی ڈگریاں حاصل کر کے افغانستان کے مختلف صوبوں میں صحت اور تعمیراتی شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا۔
پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اسکالرشپ پروگرام دونوں ملکوں کے درمیان تعلیمی تعاون اور دوستی کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی ہے۔ پاکستان نے واضح کیا کہ تعلیم کے فروغ کے ذریعے خطے میں دیرپا امن اور ترقی کے امکانات بڑھائے جا سکتے ہیں۔
افغان تعلیمی حلقے بھی اس پروگرام کو سراہ رہے ہیں اور اسے افغان نوجوانوں کے لیے ایک سنہری موقع قرار دے رہے ہیں تاکہ وہ عالمی معیار کی تعلیم حاصل کر کے اپنے مستقبل کو بہتر بنا سکیں۔
دیکھیں: افغان مہاجرین کے متعلق پاکستان کی پالیسی پر جرمنی نے تحفظات کا اظہار کردیا