اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ پر ہونے والے افسوسناک خودکش حملے کے بعد پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے سربراہ علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان دشمن عناصر کے سامنے ہرگز کمزور نہیں پڑے گا۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے علامہ طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں پمز اسپتال کا دورہ کیا، جہاں وفد نے خودکش دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، ڈاکٹروں سے ان کی صحت سے متعلق تفصیلات لیں اور علاج معالجے کے عمل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد میں تمام مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علما اور مشائخ شامل تھے، جنہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم متحد ہو کر دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کرے گی۔
بعد ازاں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے ترلائی کا بھی دورہ کیا، جہاں علما اور مشائخ نے خودکش دھماکے میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی، ان کے لیے دعائے مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔ وفد نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ جو عناصر اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، ہم ان کے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے افغانستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اپنے سے آٹھ گنا بڑے ملک بھارت کو شکست دے سکتا ہے تو افغانستان کے لیے پاکستان کے عزم اور صلاحیت کو آزمانا کوئی دانشمندی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن اپنی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
علامہ طاہر محمود اشرفی نے اپنے ویڈیو پیغام میں بھی امام بارگاہ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام، انسانیت اور عبادت گاہوں کے تقدس کے خلاف ایک سفاکانہ جرم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حملے کے مرتکبین کا اسلام یا انسانی اقدار سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ خلیفہ دوم حضرت عمر بن الخطابؓ اور حضرت علیؓ جیسے جلیل القدر اسلامی رہنماؤں کو بھی عبادت گاہوں میں نشانہ بنایا گیا، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ایسے حملے اسلام نہیں بلکہ انتہاپسند ایجنڈوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان علما کونسل، قومی پیغامِ امن کمیٹی اور تمام مکاتبِ فکر کے علما متفقہ طور پر ہر قسم کی دہشت گردی کو مسترد کرتے ہیں۔ عبادت گاہوں میں معصوم جانوں کو نشانہ بنانا دین اور انسانیت دونوں کے خلاف سنگین جرم ہے، جس کی کوئی گنجائش نہیں۔
علامہ طاہر محمود اشرفی نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔ انہوں نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام اور سکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خلاف شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے اجتماعی عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایسے بزدلانہ حملے پاکستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش ہیں اور ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان دہشت گردی کے خلاف اپنی جنگ پوری ثابت قدمی کے ساتھ جاری رکھے گا اور اللہ کے فضل سے ملک میں امن اور استحکام قائم ہو کر رہے گا۔