پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر، امریکہ کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اعلیٰ سطح کی عسکری اور سیاسی قیادت کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقاتیں کیں۔
ٹامپا میں آرمی چیف نے امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل مائیکل ای کرلا کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شرکت کی اور نئے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کی چارج سنبھالنے کی تقریب میں بھی شریک ہوئے۔ جنرل عاصم منیر نے جنرل کرلا کی شاندار قیادت اور دوطرفہ عسکری تعاون کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا، جبکہ ایڈمرل کوپر کو نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

جنرل عاصم منیر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے جنرل ڈین کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔ اس دوران دونوں ممالک کے ڈیفنس چیفس سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔
پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں آرمی چیف نے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل پر اعتماد رکھنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔ پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے اپنے عزم کو دہرایا۔
دیکھیں: فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کے صدر بننے کی افواہوں پر پاک فوج کا ردعمل آ گیا ہے۔