بنگلہ دیش کے وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ ہمایوں کبیر نے کہا ہے کہ ڈھاکا سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہمایوں کبیر نے کہا کہ بنگلہ دیش نے مکہ دفاعی معاہدے میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش ایک تسلیم شدہ ملک ہے اور پوری دنیا میں مسلم دنیا کے شراکت دار اب بنگلا دیش کی قیادت کو دعوت دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر مغربی ایشیا میں اسلامی ممالک کے درمیان سیکیورٹی معاہدہ موجود ہے تو اس کا حصہ بننا کوئی غیر معمولی بات نہیں، اور اس معاملے کو مثبت انداز میں دیکھا جا رہا ہے۔
مکہ دفاعی معاہدہ
واضح رہے کہ ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان نے 7 اگست کو مکہ میں ہونے والے سہ فریقی سربراہی اجلاس میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس میں اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے، دفاعی تعاون کو گہرا کرنے اور خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے کا عہد کیا گیا۔
مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر ترک صدر رجب طیب اردوان، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف نے الصفا پیلس میں ہونے والی سربراہی کانفرنس کے دوران دستخط کیے تھے۔
دیکھیے: پاکستان جلد سپر پاور بنے گا: سعودی عالم شیخ عاصم الحکیم کا بڑا دعویٰ