سینیئر بھارتی صحافی اور پوڈکاسٹر اشوک کمار پانڈے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے معروف صحافی راجو پارولیکر نے بی جے پی حکومت کے دور میں مبینہ کرپشن اور کمیشن کے نظام پر شدید تنقید کی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ موجودہ حکومت میں بڑے ترقیاتی منصوبوں اور ٹھیکوں میں بھاری کمیشن کے باعث عوامی وسائل کا بے دریغ ضیاع ہو رہا ہے۔
راجو پارولیکر نے دعویٰ کیا کہ ماضی میں ٹھیکوں میں کمیشن کے باوجود ٹھیکیدار رقم کا بڑا حصہ اصل کام پر خرچ کرتے تھے، لیکن اب صورتحال اس سے بھی زیادہ خراب ہو چکی ہے۔
ان کے مطابق ترقیاتی منصوبوں میں مختلف سطحوں پر کمیشن کی تقسیم کے بعد اتنی کم رقم باقی بچتی ہے جس سے معیاری تعمیر، مزدوری اور دیگر اخراجات پورے کرنا ناممکن ہو جاتا ہے۔
گفتگو کے دوران انہوں نے رام مندر کی تعمیر اور اٹل بہاری واجپائی کے مجسمے کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ واجپائی کے مجسمے کا تعمیراتی معیار اس قدر ناقص تھا کہ افتتاح کے کچھ ہی عرصے بعد بارش کے دوران اس کا ایک حصہ متاثر ہو گیا۔
انہوں نے مہاراشٹر حکومت کو طنزاً 3 پہیوں والی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی دھڑوں میں کمیشن کی تقسیم کا ایک پورا نظام قائم ہے۔
دیکھیے: خطے میں بھارتی اثر و رسوخ کو شدید دھچکا، نیپالی وزیراعظم کا دورۂ دہلی سے انکار