سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے نواحی علاقے کوٹ عیسیٰ دربند میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے خطرناک ‘گنڈاپور گروپ’ سے تعلق رکھنے والے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سکیورٹی فورسز کو دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر فوری طور پر کاروائی کا آغاز کیا گیا۔ دورانِ اپریشن سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں گنڈاپور گروپ کے پانچ دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر تخریبی مواد برآمد کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ گروہ علاقے میں سکیورٹی فورسز پر حملوں اور بھتہ خوری سمیت دہشت گردی کی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی دوسرے ممکنہ شرپسند کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رہیں گی اور کسی بھی شرپسند عنصر کو امن و امان خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔