باجوڑ، مہمند اور لوئر دیر میں ہلاک ہونے والے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے جنگجوؤں کی لاشیں افغان حکام کے حوالے کر دی گئیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ان ہلاک شدگان میں کئی اہم کمانڈر شامل تھے، جن کی لاشیں سرحد پار لے جائی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سب سے نمایاں نام ٹی ٹی پی کی سیاسی کمیشن کے سربراہ مولوی فقیر باجوڑی کے بیٹے مولوی فرید منصور کا ہے، جو باجوڑ میں ایک کارروائی کے دوران مارا گیا۔ ان کی لاش بھی دیگر جنگجوؤں کے ساتھ افغانستان منتقل کی گئی۔

علاوہ ازیں، کمانڈر وزیر سمیت کئی افغان جنگجو بھی ان ہلاک شدگان میں شامل ہیں، جنہیں باجوڑ، مہمند اور دیر زیریں کے علاقوں میں مختلف کارروائیوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔ مقامی حکام کے مطابق کئی افغان شہری، جو سرحد پار سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں شریک تھے، ان میں شامل ہیں۔
لاشوں کی حوالگی سرکاری سطح پر افغانستان کے حکام کو کی گئی، جہاں انہیں تدفین کے لیے منتقل کیا گیا۔ یہ اقدام سرحدی تعاون اور حالیہ آپریشنز میں مارے گئے شدت پسندوں کے حوالے سے اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔