ڈی آئی خان میں کوٹ للو کے قریب دہشتگردوں نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی ٹیم اور ایف سی پی این آئی کے اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔ دہشت گردوں کے اس حملے میں 5 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 11 زخمی ہوئے۔
خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشتگرد ہلاک کردیے جبکہ فرار ہونے والے حملہ آوروں کے لیے سرچ آپریشن کیے جارہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا ہے جبکہ شہید ہونے والوں کی لاشیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں بھیج دی گئی ہیں۔۔
سیکیورٹی اداروں نے واقعے کے بعد علاقہ بھر میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا واضح مقصد گیس پائپ لائن کے منصوبے کو نقصان پہنچانا تھا اور خیال رہے کہ یہ منصوبہ خیبر پختونخوا کے عوام کو توانائی اور روزگار فراہم کرنے کے لیے بڑی اہمیت رکھتا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ عوامی منصوبوں پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشت گرد عوام کی ترقی اور خوشحالی کو برداشت نہیں کرسکتے۔
دیکھیں: سوات ایکسپریس وے پر تیز رفتاری کے باعث ٹرک کھائی میں جاگرا، 15 افراد جاں بحق