فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورۂ ایران مکمل ہوگیا، دورے کے دوران انہوں نے ایران کی اعلیٰ ترین قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جن میں خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور علاقائی امن کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان، رہبرِ اعلیٰ کے نمائندے محسن رضائی، اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف، ایرانی وزیرِ خارجہ اور ایرانی وزیرِ داخلہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ اس اہم دورے میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی فیلڈ مارشل کے ہمراہ تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایرانی حکام کے درمیان ملاقاتوں میں خطے میں مزید کشیدگی روکنے، آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور ایران امریکہ تنازع کے فوری خاتمے کے لیے اقدامات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ایرانی قیادت نے مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔
وفاقی وزیر داخلہ
محسن نقوی کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز رہی۔ ان کے مطابق ملاقات میں ایران۔امریکہ تنازع، مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال اور آگے بڑھنے کے راستوں پر گفتگو ہوئی، جبکہ اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کی بحالی کے لیے درکار اقدامات بھی زیرِ بحث آئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس عمل سے مزید پیش رفت اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہوگی۔
خیال رہے کہ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے قبل ازیں تصدیق کی تھی کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک سرکاری وفد کی قیادت کرتے ہوئے تہران پہنچیں گے۔ تہران پہنچنے پر ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔