نئی قائم ہونے والی وفاقی آئینی عدالت کے بحیثیت چیف جسٹس امین الدین خان آج حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب آج منعقد کی جائے گی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری پہلے چیف جسٹس سے حلف لیں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے بعد یہ پہلی حلف برداری ہے، جس کے ساتھ ہی وفاقی آئینی عدالت کا قیام سامنے آئے گا۔ اسی طرح عدالت کے دیگر چھ ججوں کی حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائی کورٹ میں منعقد ہوگی، جہاں ججز بلاک اور ایڈمن بلاک کے قریب تیاریاں کی جارہی ہیں۔ توقع ہے کہ چیف جسٹس امین الدین خان اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد دیگر ججوں کو بھی حلف دلائیں گے۔
گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیر اعظم کی تجویز پر جسٹس امین الدین خان کی بطور چیف جسٹس تقرری کی منظوری دی ہے جسکا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ جسٹس امین الدین خان کو تین سالہ مدت کے لیے وفاقی آئینی عدالت کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔