بلوچستان کے شہر گوادر میں پیش آنے والے حالیہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں کے حوالے سے اصل حقائق سامنے آ گئے ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق واقعے سے متعلق پھیلائی جانے والی مختلف اطلاعات غیر مصدقہ ہیں اور دہشت گرد تنظیم کے پراپیگنڈے کا حصہ ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کے دہشت گردوں نے جس مقام کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، وہ ایک تعمیراتی کمپنی کا پہلے سے خالی کردہ کیمپ تھا اور اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
سکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کے کسی دفتر یا کیمپ پر حملے کی اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں ہے اور اس حوالے سے کیے جانے والے تمام دعوے بے بنیاد ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں نے سڑک کنارے کھڑے چند ٹرکوں کو آگ لگائی، جس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ عناصر عام شہریوں، ان کی املاک اور ان کے روزگار کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔
سکیورٹی حکام کی جانب سے عوام اور میڈیا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اطلاعات اور دشمن کے پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور حقائق کی تصدیق کے بغیر ایسی خبروں کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔





