پاک فوج کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران بھارتی فوج اور میڈیا کے بے بنیاد دعوؤں کی حقیقت عیاں کر دی۔ انہوں نے مبینہ کارروائی میں ہلاک ظاہر کیے جانے والے سابق ایس ایس جی کمانڈو حوالدار آصف عرف ہاشم موسیٰ کو زندہ سلامت میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
بھارتی میڈیا اور سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے ایک مبینہ جھڑپ کے دوران لشکرِ طیبہ سے تعلق رکھنے والے کمانڈو کو ہلاک کر دیا ہے۔ اس پروپیگنڈے میں حوالدار آصف کے شناختی کارڈ اور ماضی کی فوجی خدمات کی تفصیلات بھی بطور ثبوت نشر کی جا رہی تھیں۔
پریس کانفرنس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حوالدار آصف عرف موسیٰ نے بتایا کہ بھارتی میڈیا پر جھوٹی خبریں نشر ہونے کے بعد انہیں پے در پے فون کالز موصول ہونا شروع ہوئیں۔ ان کے بقول، کال کرنے والے بتاتے رہے کہ بھارتی فوج نے ان کے مارے جانے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ وہ خود اپنے گھر میں بیٹھ کر ان جھوٹے دعوؤں پر حیران ہو رہے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اس موقع پر کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں اور سیکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کے لیے منظم طریقے سے پاکستان کے خلاف جھوٹ پر مبنی بیانیہ گھڑتا ہے۔ ریٹائرڈ فوجی کو دنیا کے سامنے زندہ لا کر پاک فوج نے بھارت کی اس من گھڑت کہانی کا پردہ چاک کر دیا۔
دیکھیے: بھارتی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں پہلگام حملے کا ملزم ہلاک، بھارتی دعویٰ