بھارت میں طیارہ حادثات کا سلسلہ ایک بار پھر سامنے آگیا، کانپور میں دو انجنوں والا تربیتی طیارہ کھیت میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں انسٹرکٹر اور زیرِ تربیت پائلٹ ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے نے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر سے صبح تقریباً 11 بج کر 30 منٹ پر پرواز کی تھی۔ تقریباً 20 منٹ بعد تربیتی مرکز واپس آتے ہوئے طیارہ ایک کھیت میں گر گیا۔
حادثے میں انسٹرکٹر پائلٹ سچن بھاٹیا اور زیرِ تربیت پائلٹ ابھیشیک پجاری جان کی بازی ہار گئے۔ پولیس کے مطابق سچن بھاٹیا کو تقریباً 3 ہزار گھنٹے پرواز کا تجربہ حاصل تھا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب بھارت میں تربیتی اور مسافر طیاروں سے متعلق حادثات اور حفاظتی انتظامات پر سوالات مسلسل اٹھتے رہے ہیں۔ آئے روز پیش آنے والے ایسے واقعات بھارتی ہوا بازی کے حفاظتی نظام اور نگرانی کے مؤثر ہونے پر سوالیہ نشان بن رہے ہیں۔
حادثے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر لاشیں نکال لیں، جبکہ واقعے کی اطلاع ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن کو دے دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی اور تکنیکی ٹیم واقعے کی تحقیقات کرے گی۔
حادثے کا شکار ہونے والا چار نشستوں والا ٹیکنام طیارہ 2023 میں تربیتی مقاصد کے لیے گارگ ایوی ایشن ٹریننگ سینٹر لایا گیا تھا۔ تحقیقات کے بعد ہی حادثے کی اصل وجہ اور ممکنہ تکنیکی یا انتظامی غفلت سامنے آسکے گی۔
دیکھیے: مودی حکومت کے خلاف کاکروچ پارٹی پھر سڑکوں پر، 5 ستمبر کو بڑے مارچ کا اعلان