اسلام آباد میں پاکستان کی طرف سے پہلی بار بین الاقوامی قرأت مقابلہ منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں او آئی سی کے 34 سے زائد ممتاز قراء شرکت کر رہے ہیں۔ یہ مقابلہ 24 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گا اور اس کا مقصد مسلم دنیا میں قرآنی فنون، ہم آہنگی اور بین الثقافتی تعلقات کو فروغ دینا ہے۔ وزارتِ مذہبی امور نے اسلام آباد پہنچنے والے تمام نامور قراء کا شاندار استقبال کیا، جبکہ مقابلے کے مختلف مراحل نمل یونیورسٹی میں 24 سے 27 نومبر تک منعقد ہوں گے۔ اس ایونٹ کے ذریعے پاکستان نے اپنی عالمی شناخت اور مذہبی سفارتکاری میں ایک مضبوط پیغام دیا ہے، جس سے دنیا بھر میں پاکستان کے انتظامات اور میزبانی پر اعتماد بڑھے گا۔
اختتامی تقریب 29 نومبر کو جناح کنونشن سینٹر میں اعلیٰ شخصیات کی موجودگی میں منعقد کی جائے گی، جہاں فاتح قراء کو اعزازات دیے جائیں گے۔
اس بین الاقوامی مقابلے سے نہ صرف پاکستان کی مذہبی اور ثقافتی سفارتکاری مضبوط ہوگی بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کے قرآنی فنون اور دینی ورثے کو بھی پہچان ملے گی۔ اس سے مثبت تشہیر کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کو فروغ ملنے کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے، اور یہ ثابت ہوگا کہ پاکستان بین الاقوامی مہمانوں کے لیے محفوظ اور پُرامن ملک ہے۔