اسلام آباد میں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا چھٹا دور آج منعقد ہوا جس میں پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای شریک ہوئے۔
مذاکرات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور خطے کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر عالمی مسائل پر بھی دونوں رہنماؤں نے اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔
فریقین نے دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی بات کی، جن میں سی پیک 2.0، تجارتی و اقتصادی تعلقات، کثیرالجہتی تعاون اور عوامی روابط شامل تھے۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ پاک چین دوستی علاقائی امن و استحکام کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ شراکت داری ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر ہے۔
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دوطرفہ سطح پر قریبی رابطے جاری رکھے جائیں گے اور کثیرالجہتی فورمز پر بھی بھرپور تعاون کو یقینی بنایا جائے گا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ان مذاکرات سے نہ صرف پاک چین تعلقات کو مزید تقویت ملے گی بلکہ خطے میں استحکام اور ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
دیکھیں: چینی وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، دفتر خارجہ میں اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی