برسلز میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دسویں سیاسی ڈائیلاگ کا انعقاد ہوا جس میں دونوں فریقین نے باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کی، جبکہ یورپی یونین کی نمائندگی یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل سفیر اولاف سکوگ نے کی۔
ڈائیلاگ میں دو طرفہ تعاون، اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان 2019 اور اس کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
دونوں جانب سے سیاسی ڈائیلاگ کے دائرہ کار میں سیکیورٹی سے متعلق تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپ سمیت عالمی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر فریقین نے مشترکہ مؤقف اختیار کیا۔
دونوں فریقین نے سفارتکاری، کثیرالجہتی تعاون اور پُرامن تنازعات کے حل کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اعلیٰ سطحی حالیہ روابط کے مثبت تسلسل کو سراہتے ہوئے فریقین نے آئندہ ادارہ جاتی فریم ورک کے تحت تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ سیاسی ڈائیلاگ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دیرینہ اور ہمہ جہت شراکت داری کو نئی جہت دینے میں اہم پیشرفت ہے۔
دیکھیں: اسحاق ڈار کی کابل میں افغان وزیر خارجہ سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال